ازبکستان کے شوکت مرزیایوف گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنزکا سرکاری دورہ
چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز صدر اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ادارے کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔
راولپنڈی: ازبکستان کے شوکت مرزیایوف نے اپنے اعلیٰ سطحی وفد اور سینئر وزراء کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے دوران گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (GIDS) کا سرکاری دورہ کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز صدر اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ادارے کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔
دورے کے دوران صدرِ ازبکستان کو GIDS کے متنوع پورٹ فولیو پر بریفنگ دی گئی جس میں جدید دفاعی حل، صنعتی صلاحیتیں اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبے شامل تھے۔ وفد نے ادارے کی اہم تنصیبات کا معائنہ کیا اور مختلف دفاعی مصنوعات کا مشاہدہ کیا جو پاکستان کی مقامی دفاعی پیداوار اور صنعتی ترقی میں بڑھتی ہوئی مہارت کی عکاس ہیں۔
یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک نے شراکت داری، علم کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ دورہ پاکستان اور جمہوریہ ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا