The news is by your side.

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ، 28 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط.

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا

0

اسلام آباد: پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے کی تقریب وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر 28 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر قائم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے اور اقتصادی، سفارتی اور علاقائی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لیے ازبکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر یقین رکھتا ہے۔

تقریب میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف، ازبکستان کے سینیئر وزرا اور پاکستانی وزرا شریک تھے۔ معاہدوں میں وزارت خارجہ کے درمیان تعاون، انٹر ریجنل فورم کے قیام، سزا یافتہ افراد کے تبادلے، آئی ٹی، ادویہ سازی، اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام جیسے شعبے شامل ہیں۔

اس موقع پر ازبکستان کے صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب بھی منعقد ہوئی، جہاں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ مزید برآں صدر شوکت مرزایوف کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جسے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کی ایک اہم علامت قرار دیا گیا۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.