The news is by your side.

قوم کو مفاہمت کی ضرورت ہے۔وزیراعظم بن گیا تو سچائی اور مفاہمت کا کمیشن بناوں گا۔ بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مالاکنڈمیں ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب

0

مالاکنڈ(یواین آئی):

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مالاکنڈمیں ایک عظیم الشان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو انتخابات میں کبھی لیول پلئینگ فیلڈ نہیں ملی ہے۔ 2007ءمیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کر دیا گیا، 2013ءمیں پارٹی کو انتخابی مہم چلانے نہیں دی گئی، 2018ءمیں پارٹی کو ووٹروں سے ملنا نہیں دیا گیا۔ اب یہ کہتے ہیں کہ دہشتگردی کا خطرہ ہے لیکن اس کے باوجود میں آج مالاکنڈ میں اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔

مالاکنڈ کی عوام نے قربانیاں دے کر دہشتگردوں کو شکست دی۔ مالاکنڈ کے لوگ سلیکٹڈ راج کو بھی بھگتتے رہے۔ اب مالاکنڈ کے عوام کو موقع ملا ہے کہ وہ ایسے امیدواروں کو منتخب کریں جو پارٹی کے ساتھ ہمیشہ وفادار رہے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اب ہم 2024ءکے انتخابات کے قریب ہیں اور ایک پارٹی ایک سابق وزیراعظم کے نااہل ہونے پر خوشیاں منا رہی ہے۔ کہ اس کا مخالف انتخابات سے باہر ہوگیا ہے۔ اسی طرح 2018ءمیں ایک پارٹی خوشیاں منا رہی تھی۔

اس سے قبل سید یوسف رضا گیلانی کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں تھی۔ ہم وہ پارٹی نہیں جو دوسروں کی مشکلات پر خوشیاں منائیں کیونکہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جیالے ہیں جنہوں نے ہمیں اس قسم کی سیاست نہیں سکھائی۔ یہ جتنے روایتی سیاستدان ہیں ہر پانچ سال بعد ایسے ہی سیاست کرتے ہیں۔

عمران خان بھی نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہا تھا اور نواز شریف بھی تین مرتبہ حکومت میں آکر نفرت اور تقسیم کی سیاست ہی کرتا رہا اور اگر یہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بن گیا تو یہی کرے گا اور عوام کا نقصان ہوگا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان سیاستدانوں کو میرا یہ پیغام ہے کہ وہ قوم کے مستقبل سے نہ کھیلیں۔ ہم سمجھے تھے کہ نوازشریف ووٹ کو عزت دے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ عمران خان اپنے ہر مخالف کو چور کہتا تھا لیکن اب بھی وہ نادم نہیں ہے۔

عمران خان اور نواز شریف کو سوچنا چاہیے کہ یہ مقافات عمل ہے۔ عمران خان نے اپنے مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کو گرفتار کیا حالانکہ ایسی سیاست ہمارے مذہب اور روایت میں نہیں ہے۔ عوام کب تک یہی سب کچھ سہتے رہیں گے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ اگر وہ وزیراعظم بن گئے تو سچائی اور مفاہمت کا کمیشن بنائیں گے کیونکہ قوم کو مفاہمت کی ضرورت ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.