پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل پانچویں روز بھی بھاری اضافہ
5 دنوں میں پیٹرول 30 روپے اور ڈیزل 26 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا، حکومت قیمتوں میں اضافے کو روکنے میں ناکام ، عوام کا مہنگائی سے برا حال، حکومت عوامی مشکلات سے بے نیاز۔
اسلام آباد: اوگرا نے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل پانچویں روز بھی مزید اضافہ کردیا۔
اس ہفتے کے دوران پیٹرول 346 روپے سے 376 روپے اور ڈیزل 378 روپے سے 404 روپے تک جا پہنچا،
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 403 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 12 سے 14 ستمبر تک 3 روز کے لیے ہوگا۔
پانچ روز میں پیٹرول کی قیمت میں 29 روپے95 پیسےفی لیٹراضافہ کیا گیاہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے 27 پیسےفی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
ڈیڑھ ماہ میں پیٹرول 60 روپے 2 پیسے فی لیٹر تک مہنگا کیا گیا ، 21 جولائی سے ڈیزل کی قیمت میں 43 روپے 32 پیسےفی لیٹراضافہ ہوا۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رودبدل کے لیے اپنائی گئی پالیسی کے باعث عوام مسلسل مہنگائی کی شرح میں اضافے کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ فی الوقت حکومت کے پاس عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے کسی قابل عمل منصوبے سے عاری دکھائی دے رہی ہے ۔