مالدیپ کے صدر کا دورہ پاکستان، 20 مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط
مہمان صدر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب وزیر اعظم ہاوس میں منعقد، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، وزیر اعظم نے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا۔
اسلام آباد:پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی،ڈیجیٹل سکلز، صحت، تعلیم، دفاع، بحری سلامتی، زراعت، سیاحت، تجارت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی 20 یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کر دیئے ۔
ان ایم او یوز پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران دستخط کیے گئے جو دو طرفہ سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر 11 برسوں میں مالدیپ کے کسی صدر کا پہلا دورہ ہے۔ جس کا آغاز 21 اکتوبر سے ہوا،
وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر محمد معیزو بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ دونوں ممالک کے نمائندوں نے پہلے سے دستخط شدہ دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشتوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں اور ٹیکنالوجی و جدت کے شعبوں میں تعاون، منشیات اور ان کی تیار میں استعمال ہونے والے کیمیائی اجزا کی غیر قانونی سمگلنگ و استعمال کی روک تھام اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔
صحت کے شعبے میں پاکستان کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) اور مالدیپ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے درمیان تعاون، طبی ماہرین کی بھرتی اور دفاعی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتیں بھی فہرست میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بحری سلامتی، زرعی تعاون اور ماہی گیری کے شعبوں میں بھی تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے حوالے سے پاکستان کے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) اور مالدیپ کے درمیان تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے فروغ، اعلیٰ تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور نوجوانوں و کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشتیں بھی طے پانے والے معاہدوں میں شامل ہیں۔
دونوں ممالک نے فضائی رابطوں کے فروغ، سیاحت، فنون، ثقافت اور ورثے کے تحفظ کے شعبوں میں بھی تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت، سول سروس کمیشن آف مالدیپ اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن آف پاکستان اور سول سروس اکیڈمیوں کے درمیان تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتیں بھی طے پانے والے معاہدوں کا حصہ ہیں۔
تجارت کے شعبے میں مالدیپ کی سٹیٹ ٹریڈنگ آرگنائزیشن اور پاکستان کی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے درمیان زرعی اجناس، خوراک اور دیگر مصنوعات کی تجارت میں تعاون جبکہ ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں بھی مفاہمت کی یادداشت شامل ہے۔
یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے، ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور تجارت، تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں باہمی مفاد کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہیں،
قبل ازیں مالدیپ کے صدر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب وزیر اعظم ہاوس میں منعقد ہوئی جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیچ کیا۔