The news is by your side.

پاکستان اگلی دہائی کے میں جی 20 معیشتوں میں شامل ہو سکتا ہے، قیصراحمد شیخ

کراچی میں پاکستان سدرن افریقن ڈیولپمنٹ کمیونٹی چیمبر ٹریڈ فیڈریشن (PSCTF) کے زیر اہتمام منعقدہ پہلی افریقہ ڈپلومیٹک اینڈ اکنامک کانفرنس 2026 سے وفاقی وزیر کا خطاب

0

 کراچی: وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ دہائی کے دوران جی 20 (G20) معیشتوں میں شامل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے برآمدی منڈیوں کو وسعت دینے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے جنوبی افریقہ سمیت دیگر افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

کراچی میں پاکستان سدرن افریقن ڈیولپمنٹ کمیونٹی چیمبر ٹریڈ فیڈریشن (PSCTF) کے زیر اہتمام منعقدہ پہلی افریقہ ڈپلومیٹک اینڈ اکنامک کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ اپنے اپنے خطوں کی بڑی منڈیوں تک رسائی کے لیے اہم دروازے ثابت ہو سکتے ہیں، جس سے افریقہ، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا میں پاکستانی برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا تزویراتی محل وقوع اسے وسطی اور مغربی ایشیائی معیشتوں تک رسائی فراہم کرتا ہے، جبکہ جنوبی افریقہ کے ذریعے پاکستانی کاروباری ادارے وسیع افریقی منڈیوں تک اپنی رسائی بڑھا سکتے ہیں۔

انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کے پرزہ جات پاکستان کی جانب سے جنوبی افریقہ کو برآمدات بڑھانے کے لیے ایک اہم شعبہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، بالخصوص جنوبی افریقہ میں کاروبار کرنے والے پاکستانی تاجروں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اپنے کاروباری تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی نمو اور غیر ملکی سرمایہ کاری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

کانفرنس کا موضوع ’’مشترکہ خوشحالی کے لیے سفارتی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کا استحکام‘‘ تھا، جس میں جنوبی افریقی ترقیاتی کمیونٹی (SADC) کے 16 رکن ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات پر خصوصی توجہ دی گئی۔

کانفرنس میں جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر پیئر جورڈن، ماریشس کے سفیر منسو کُری مباکس، زمبابوے کے سفیر تافادزوا چیانگوا، روانڈا کے ہائی کمشنر ہریریمانا اور صومالیہ کے ہائی کمشنر عبدالرحمٰن ہرسی سمیت متعدد افریقی ممالک کے سفارت کاروں نے شرکت کی۔

پاکستانی حکام میں ایس آئی ایف سی کے سیکریٹری جمیل احمد قریشی، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو افسر فیض احمد اور وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل عرفان سومرو بھی شریک تھے۔

کانفرنس میں شریک سفارت کاروں، سرکاری حکام اور کاروباری رہنماؤں نے افریقی ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.