The news is by your side.

پاکستان کی ترقی کا انحصار نوجوان سائنسدانوں و انجینئرز کی صلاحیتوں پر ہے۔

چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور کا پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن سے خطاب،

0

اسلام آباد:  پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرِ انتظام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن میں انجینئرنگ اور اپلائیڈ سائنسز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 270 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کر دی گئیں،

چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں۔

تقریب میں ممتاز سائنسدان ڈاکٹر انعام الرحمن ،  اٹامک انرجی کمیشن کے  سینئر افسران اور طلبہ و طالبات کے والدین  نے شرکت کی۔

کانووکیشن میں الیکٹریکل، مکینیکل، کیمیکل، میٹریلز اینڈ میٹالرجی انجینئرنگ، فزکس اور کمپیوٹر اینڈ انفارمیشن سائنسز کے شعبوں کے گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں۔

چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار علم، تحقیق، جدت اور نوجوان سائنسدانوں و انجینئرز کی صلاحیتوں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نئی ٹیکنالوجیز، تحقیق اور اختراع کے بے شمار مواقع موجود ہیں،  نوجوان صرف ملازمت کے متلاشی نہ بنیں بلکہ کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دے کر دوسروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت، قابلیت، اعلی کردار اور قومی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے۔چیئرمین پی اے ای سی نے اس امر پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ اس سال فارغ التحصیل ہونے والوں میں طالبات کی نمایاں تعداد شامل ہے، جو سائنس، انجینئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستانی خواتین کے بڑھتے ہوئے موثر کردار کا واضح ثبوت ہے۔

ریکٹر پی آئی ای اے ایس ڈاکٹر انیلہ عثمان نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی ملک کے لیے اعلی معیار کے سائنسدان، انجینئرز اور محققین تیار کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.