قائداعظم یونیورسٹی کے طلباء کے وفد کا اے پی پی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ،
طلباء کے دورے کا مقصد اے پی پی میں خبروں کی تیاری، متن، فوٹو اور ویڈیوز سیکشن سمیت مختلف پلیٹ فارمز کے بارے میں معلومات حاصل کرنا تھا۔
اسلام آباد:قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ ڈیفنس اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کے طلباء کے ایک وفد نے پیر کو قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان(اے پی پی ) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔
وفد کوادارے کے آپریشنل امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ طلباء کے دورے کا مقصد اے پی پی میں خبروں کی تیاری، متن، فوٹو اور ویڈیوز سیکشن سمیت مختلف پلیٹ فارمز کے بارے میں معلومات حاصل کرنا تھا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی نے قائد اعظم یونیورسٹی کے طلباء کو قومی مفادات کے فروغ میں اے پی پی کے کردار سے آگاہ کیا۔
ایم ڈی اے پی پی نے قومی سلامتی کے تناظر میں میڈیا سے متعلق امور اور مختلف سیاسی منظرناموں کی کوریج میں اے پی پی کی جانب سے توازن کو برقرار رکھنے کے بارے میں طلباء کے سوالات کے جواب دیئے ۔ قائد اعظم یونیورسٹی کی وزٹنگ فیکلٹی ممبر شازیہ محبوب کی قیادت میں طلباء نے اے پی پی کے مختلف سیکشنز، سنٹرل نیوز ڈیسک، انگلش رپورٹنگ، فارن اینڈ اکنامک ڈیسک، اردو نیوز سروس، ویڈیو نیوز سروس، سٹوڈیوز اور ڈیٹا سینٹر کا دورہ کیا۔