شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 27 خوارج ہلاک۔
یہ کاروائیاں گذشتہ گھنٹوں سے جاری ہیں جن میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو موثر طریقے سے تلاش کرتے ہوئے تباہ کر دیا گیا، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحۃ، گولا بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد،
راولپنڈی:شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جن میں 27 خوارج ہلاک کر دیے گئے ،
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے شمالی وزیرستان کے ضلع میں واقع میران شاہ کے عمومی علاقے میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
شدید اور طویل فائرنگ کے تبادلوں کے بعد گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 27 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق اس گروہ کے خاتمے کے ساتھ میر ان شاہ میں ممتاز شخصیت شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قتل کا بدلہ لے لیا گیا ہے اور اس جرم میں ملوث عناصر کو اپنے انجام تک پہنچا دیا گیا ہے۔
علاقے میں چھپے ہوئے باقی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں گے، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل صفایا کیا جا سکے۔