’’وزیراعظم اپنا گھر سکیم ‘‘کا اجراء، کوتاہی کرنے والے بینکوں کو انتباہ۔
بینکوں کو سکیم کے لیے زیادہ سے زیادہ قرضے جاری کرنے کی ہدایت ، ہر شہری کو چھت فراہم کرنا حکومت کی بینادی ذمہ داری ہے ، سکیم کے تحت ایک کروڑ تک کا قرضہ ملے گا، وزیر اعظم۔
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ’’ وزیراعظم اپنا گھر سکیم ‘‘کا باقاعدہ اجراء کر دیا,
سکیم کے اجرا کی تقریب اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت منعقد ہوئی،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ سکیم کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ہو گا،
انہوں نے کہاکہ عوام کو اپنا گھر فراہم کرنا کسی بھی حکومت اور ریاست کا بنیادی اور مقدس فریضہ ہے ،پاکستان کی 24کروڑ آبادی میں سے بڑی تعداد اپنی چھت سے محروم ہے ، اس حوالے سے آج کی یہ تقریب انتہائی یادگار ہے ،

وزیراعظم نے کہاکہ اس سکیم کے تحت پہلے سال 50ہزار گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے 321ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ،
آئندہ چار برسوں میں ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہو گا ۔سکیم کے تحت 10 مرلے تک گھر تعمیر کئے جاسکیں گے اور اس کے لئے فنانسنگ کا حجم 3.2کھر ب روپے ہو گا ۔وزیراعظم نے کہاکہ وہ ہر مہینے اس سکیم کا جائزہ لیں گے تاکہ اگرکسی قسم کی کوئی رکاوٹ ہو تو اسے دور کیا جائے اور ادائیگیاں بروقت ہوں،
وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے تحت قرض کے حصول کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے ۔
قرضے کی واپسی کی مدت 20سال ہو گی پہلے 10سال مارک اپ 5فیصد اور اگلے 10سال مارکیٹ کی شرح کے مطابق ہو گا ،
ایک کروڑ روپےتک قرضہ لیا جاسکے گا ،زیادہ قرضہ فراہم کرنے والے بینکوں کو 14اگست کوقومی ایوارڈ دیا جائے گا اور جو بینک اس میں کوتاہی کا مظاہرہ کریں گے ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہو گی ۔
وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ایک سال کی انتھک محنت کے بعد وزیراعظم اپنا گھر سکیم کا اجراء کیا جارہاہے ۔