پاک-افغان سرحد پر خوارج کی نقل و حرکت ناکام، 8 دہشت گرد ہلاک۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے اس گروہ کو نشانہ بنایا۔ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اپریل 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان میں پاک-افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے اس گروہ کو نشانہ بنایا۔ درست اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی ایک بار پھر اس مؤقف کو ثابت کرتی ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین پر مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔ افغان عبوری حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پُرعزم ہیں۔ علاقے میں کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی مزید بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کا خاتمہ کیا جا سکے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔