کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کی سزا کے خلاف جماعت اسلامی شعبہ خواتین کا احتجاج۔
آسیہ اندرابی اور دیگر کشمیری خواتین رہنماوں کو دی جانے والی سزائیں بھارتی عدلیہ کے منہ پر کالا دھبہ ہیں ، بھارت میں عدلیہ آزاد نہیں ۔ سزائیں قابل مذمت ہیں، احتجاج سے نصر اللہ رندھاوا اور خواتین رہنماوں کا خطاب
اسلام آباد:
حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے کشمیری حریت پسند راہنما اور دختران کشمیر کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھی خواتین کو دی گئی غیر قانونی سزا کے خلا ف اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ، مظاہرین کا عالمی اداروں سے بھارت عدالت کے فیصلے کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ احتجاجی مظاہرے میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت ۔
مظاہرے میں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، شعبہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹریز عائشہ سید، عفت سجاد، مقبوضہ کشمیر سے حریت رہنما شمیم شال، شعبہ خواتین اسلام آبادکی رہنما قدسیہ ناموس، سابق ممبر قومی اسمبلی بلقیس سیف، رکن مرکزی شوری زبیدہ خاتون اور جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل زبیر صفدر نے بھی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انجنیئر نصراللہ رندھاوا نے کشمیری حریت پسند عوام اور رہنماؤں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ جدوجہد آزادی کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اس غیر منصفانہ سزا کو مسترد کرتے ہوئے بھارت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی اور ان مظلوم رہنماؤں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی۔
حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی رہنماؤں عائشہ سید اور عفت سجاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں عورت کے خلاف ہونے والے ظلم اور حق تلفی پر جماعت اسلامی سر گرم عمل رہتی ہے اور کشمیر تو پاکستان کی شہ رگ ہے یہاں جاری جدوجہد آزادی کی حمایت میں جماعت اسلامی ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے-انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری رہنماؤں کی رہائی کے لیے سفارتی سطح پر موثر اقدامات کرے اور اقوام عالم سے یہ اپیل کی کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیری عوام کو اپنے جائز حقوق حاصل ہوں۔