The news is by your side.

سیکیورٹی فورسز کی حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے خلاف مہم،34 دہشت گرد ہلاک

24 فروری کو خیبر پختونخوا میں چار جھڑپوں میں 26 اور بلوچستان میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا،

0

اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے خلاف جاری بھرپور مہم کے دوران انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد تیز رفتار کارروائیاں کیں۔ یہ کارروائیاں بھارتی پراکسی تنظیموں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 فروری 2026 کو صوبہ خیبرپختونخوا میں چار مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 خوارج ہلاک کیے گئے، جبکہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 8 دہشت گرد مارے گئے۔

سیکیورٹی فورسز کو شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل کے مقابل پاکستان-افغانستان سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کی اطلاع ملی، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔ مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں ایک خارجی ہلاک ہوا جو افغان شہری تھا۔

ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
اسی دوران ضلع بنوں کے علاقے نرمی خیل میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں مزید 12 خوارج مارے گئے۔

پانچویں کارروائی میں ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.