پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات
پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور ترقی کے لیے سعودی عرب جانب سے سفیر کی مکمل حمایت کا اعادہ ۔
اسلام آباد: پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات،
ملاقات میں فٹبال کے فروغ اور ترقی کے لیے اسٹریٹجک تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے فٹبال کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے، ایکسچینج پروگرامز اور ادارہ جاتی شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے کھیلوں کے فروغ میں مسلسل تعاون پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست رہا ہے اور کھیلوں کے شعبے میں اس کا تعاون قابلِ قدر ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ہماری توجہ گراس روٹس ڈھانچے کو مضبوط بنانے، کوچنگ کے معیار کو بہتر بنانے، انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔
پی ایف ایف ملک بھر میں گراس روٹس سے لے کر پروفیشنل سطح تک فٹبال کے فروغ کے لیے جامع منصوبے پر عمل پیرا ہے۔
محسن گیلانی نے مزید کہا، ہم سعودی حکومت کے تعاون کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تربیتی پروگرامز اور دوستانہ میچز فٹبال کو نئی رفتار دیں گے۔
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور ترقی کے لیے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھیل دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور باہمی تعاون میں اضافہ کھیل کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔