اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی منصوبہ بندی داعش نے افغانستان میں کی، محسن نقوی۔
سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ آپریشن کرکے ماسٹر مائنڈ اورتین دیگر سہولت کاروں کو خیبر پختونخوا سے گرفتارکیا، نیوز کانفرنس میں انکشاف۔
اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کہا ہے کہ اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی منصوبہ بندی داعش نے افغانستان میں کی۔ داعش سے تعلق رکھنے والا حملے کاماسٹر مائنڈ گرفتارکیاجاچکاہے۔
اسلام آبادمیں اہم نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ جمعے اورہفتے کی درمیانی شب خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ آپریشن کرکے ماسٹر مائنڈ اورتین دیگر سہولت کاروں کو گرفتارکیا۔ اس کارروائی کے دوران پولیس کا ایک اے ایس آئی شہید اورتین اہلکار زخمی ہوئے۔
محسن نقوی نے انکشاف کیاکہ اس سارے واقعے کی منصوبہ بندی اور حملہ آور کی تربیت افغانستان میں ہوئی۔ دو افراد نے ریکی کی اور حملہ آوریاسر کو افغانستان سے یہاں لایا گیا۔افغانستان میں ٹی ٹی پی اور داعش سمیت 21 دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں، پاکستان میں جو دہشت گردی ہو رہی ہے، اس کے تانے بانے افغانستان سے ہی ملتے ہیں۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی فنڈنگ اور منصوبہ بندی بھارت سے ہو رہی ہے۔ بھارت سے ان دہشت گردوں کو اہداف دیے جاتے ہیں اور پہلے جہاں 500 ڈالرز دیے جاتے تھے، اب بڑھا کر 1500 ڈالرز کر دیے گئے ہیں۔
وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ ہم حالت جنگ میں ہیں، بلوچستان، خیبرپختونخوا یا کسی اور جگہ ہمیں کمیونٹی انٹیلی جنس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اگر شہری بھی ہماری مدد کریں تو ہمیں اس کا فائدہ ہو گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ ایک دھماکا ہو رہا ہے تو ہم 99 روک بھی رہے ہیں، لیکن اس کی تفصیلات ہم سامنے نہیں لا سکتے۔