دو عہدوں پر ایک ہی افسر کی تعیناتی چیلنج، سماعت 20 فروری کو مقرر۔
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد کے دو عہدوں پر ایک ہی افسر کی تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ہے ،فوری نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا مسترد۔
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد کے دو عہدوں پر ایک ہی افسر کی تعیناتی کو چیلنج کرنے سے متعلق مرکزی کیس 20 فروری کو مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فوری نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے متفرق درخواست پر کی سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل ریاض حنیف راہی ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین سی ڈی اے کا عہدہ 1960 کے قانون کے تحت قائم ہے اور اس وقت سے یہ عہدہ آزادانہ طور پر کام کرتا آ رہا ہے جس کے لیے الگ قانون موجود ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ 2021 سے ایک ہی افسر بیک وقت چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر کے عہدوں پر فائز چلا آ رہا ہے۔
ریاض حنیف راہی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس معاملے پر عدالت میں متعدد رٹس اور درخواستیں دائر ہو چکی ہیں تاہم تاحال کوئی حتمی جوڈیشل فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
وکیل نے مؤقف اپنایا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے، اس لیے کیس کو فوری سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
عدالت سے ایک افسر کے دو عہدوں پر تقرر کے نوٹیفکیشن کو فوری طور پر معطل کرنے کی استدعا بھی کی گئی،
تاہم جسٹس خادم حسین سومرو نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پہلے مرکزی کیس مقرر کیا جائے گا اور مکمل سماعت کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔
بعد ازاں مرکزی کیس کو 20 فروری کو مقرر کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔