پاکستان اور سعودی عرب میں معدنیات کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ’فیوچر منرلز فورم‘ کے موقع پر سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخوریف سے ملاقات
پاکستان اور سعودی عرب نے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ’فیوچر منرلز فورم‘ کے موقع پر سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخوریف سے ملاقات کی۔
اس دوران دونوں فریقین نے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اس وقت ریاض میں ’فیوچر منرلز فورم‘ میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ 13 سے 15 جنوری تک جاری رہنے والے اس فورم میں دنیا کے 160 سے زیادہ ممالک کی حکومتوں، کاروباری اداروں، کثیرالجہتی اور غیر سرکاری تنظیموں، تعلیمی اداروں اور تجارتی انجمنوں کے قریباً 20 ہزار نمائندگان شریک ہوں گے۔
پاکستان کی معدنیات اور کان کنی کی صنعت کی کم از کم 13 عوامی اور نجی کمپنیاں بھی اس فورم میں شریک ہیں۔
وزارت پیٹرولیم کے بیان کے مطابق ملاقات میں سعودی وزیر بندر ابراہیم الخوریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معدنیات کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع کی نشاندہی کی اور کہاکہ سعودی عرب پاکستان کی کان کنی کی صنعت کی ترقی میں اپنے علم اور تکنیکی مہارت کے ذریعے مدد فراہم کرے گا۔
علی پرویز ملک نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع فرٹیلائزر کی پیداوار اور طبی آلات کی صنعت میں بھی موجود ہیں۔
پاکستان نے اپریل 2025 میں بھی ایک معدنیات سمٹ کا انعقاد کیا تھا، جس میں کینیڈا کی کمپنی بیریک گولڈ اور امریکا، سعودی عرب، چین، ترکیہ، برطانیہ، آذربائیجان اور دیگر ممالک کے عہدیداران نے شرکت کی تھی۔