برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول ہماری ترجیح ہے،وزیراعظم شہباز شریف
ملکی برآمدات میں اضافے سے متعلق جائزہ اجلاس، برآمدات خصوصاً زرعی برآمدات میں اضافے اور تجارتی خسارے میں کمی کے لئے لائحہ عمل پر غور،
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برآمدات خصوصاً زرعی برآمدات میں اضافے اور تجارتی خسارے میں کمی کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول ہماری ترجیح ہے،
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملکی برآمدات میں اضافے سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ چاول کی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دی جائے، برآمد کنندگان کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ادارہ جاتی اصلاحات پر کام تیز کیا جائے ،برآمد کنندگان کو ٹیکس ری فنڈ کے حوالے سے کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں۔
اجلاس کو برآمدات میں اضافے کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی اورجولائی تا دسمبر 2025ء تک کے تجارتی اعداد و شمار پیش کئے گئے۔ اجلاس کو ہائی ویلیو سیکٹرز انجینئرنگ، ادویات میڈیکل ڈیوائسز اور پراسیسڈ فوڈ کی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملکی برآمدات کو گلوبل ویلیو چین کا حصہ بنانے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے،برآمد کنندگان کو سہولت دینے کے حوالے سے ملک میں پورٹس اور لاجسٹکس کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے اور چاول کی برآمدات کے حوالے سے کئی ممالک سے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدوں پر بات چیت جاری ہے۔