ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن 4 خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل۔
کارروائی بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔آئی ایس پی آر
راولپنڈی :بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن میں چار بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔علاقے میں کسی بھی ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمتِ عملی عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی بھرپور اور مسلسل کوششیں جاری رکھیں گے