واسا راولپنڈی کی بے حسی کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
مسائل کے حل میں مسلسل تاخیر نے واسا کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔
واسا راولپنڈی کی بے حسی کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ عوامی مسائل کے حل میں مسلسل تاخیر نے واسا کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔
یونین کونسل 28 نزد ASF بند کھنہ روڈ کے شروع میں قبرستان کے ساتھ نصب ٹیوب ویل گزشتہ چار ماہ سے خراب پڑا ہے جس کے باعث علاقے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق واسا عملہ ایک ماہ سے زائد عرصہ قبل ٹیوب ویل کی مرمت کے نام پر ٹیوب ویل سے پائپ اور موٹر نکال کر لے گیاتھا تاہم تاحال نہ تو مرمت مکمل کی گئی اور نہ ہی سامان واپس نصب کیا گیا جس سے صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔
پانی کی قلت سے بند کھنہ روڈ اور ڈھوک کاکو شاہ کے اطراف کے علاقے کے مکین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ گھریلو استعمال، وضو اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے پانی دستیاب نہیں جس سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق پہلے سی بلاک سے عارضی طور پر رات 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک ایک گھنٹے کے لیے پانی فراہم کیا جاتا تھا تاہم گزشتہ تین دنوں سے یہ سپلائی بھی بند کر دی گئی ہے جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
عوام نے ایم ڈی واسا راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور وہ ذاتی طور پر مداخلت کر کے عوامی مشکلات کا ازالہ یقینی بنائیں۔