سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ،فی تولہ سونا 10 ہزار 700 روپے مہنگا۔
فی تولہ سونا 10 ہزار 700 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 54 ہزار 262 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ملکی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان جویلرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 10 ہزار 700 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 54 ہزار 262 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اسی طرح دس گرام سونا بھی 9 ہزار 174 روپے اضافے کے بعد نئی تاریخی قیمت 3 لاکھ 89 ہزار 456 روپے تک جا پہنچا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں سالانہ سونے کی طلب 60 سے 90 ٹن کے درمیان ہے جس کی مالیت تقریباً 8 سے 12 ارب ڈالر بنتی ہے، لیکن اس میں سے 90 فیصد سے زیادہ کاروبار اب بھی غیر دستاویزی ہے۔
سی سی پی کی ’’پاکستان کی سونے کی مارکیٹ‘‘ سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ملکی سونے کی 70 فیصد طلب شادیوں اور تقریبات سے جڑی ہوتی ہے۔
پاکستان سونے کی درآمدات پر بھی انحصار کرتا ہے اور مالی سال 2024 میں 1 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کا سونا درآمد کیا گیا۔ملک کے سرکاری ذخائر 2025 کے آخر تک 64.76 ٹن ریکارڈ کیے گئے جن کی مالیت تقریباً 9 ارب ڈالر بنتی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریکو ڈیک منصوبہ آئندہ 37 برسوں میں 74 ارب ڈالر تک کی آمدنی پیدا کر سکتا ہے، جبکہ موجودہ قیمتوں کے مطابق اس سے 1 کروڑ 79 لاکھ اونس سونا حاصل ہوگا جس کی مالیت تقریباً 54 ارب ڈالر ہے۔