وزیراعظم کی زیر صدارت کسٹم کے جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام کو فیس لیس کرنے پر جائزہ اجلاس۔
کسٹم جانچ پڑتال اور تخمینہ کے لیے انتظامی کاروائیوں میں درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے، وزیر اعظم شہباز شریف
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کسٹم کے جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام کو فیس لیس (faceless) کرنے پر جائزہ اجلاس، کسٹم کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت ۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسٹم کے نظام کی بہتری اور جدت کا مقصد برآمدات اور درآمدات سے منسلک کاروباری حضرات کو سہولت بہم پہنچانے کے ساتھ ملکی ریونیو میں اضافہ کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کسٹم جانچ پڑتال اور تخمینہ کے لیے انتظامی کاروائیوں میں درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کسٹم نظام کی اصلاحات کے موثر نفاذ کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔
وزیر اعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ معاشی اور تجارتی اصلاحات کے ذریعے کاروبار اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کسٹم نظام کی اصلاحات میں بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی قابل عمل اور بہترین حکمت عملی سے ہر ممکن استفادہ حاصل کیا جائے۔ ملکی معاشی ترقی و خوشحالی اور تجارت و سرمایہ کاری میں بہتری کی منزل کے حصول کے لیے حکومت اور تمام متعلقہ ادارے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم کی خصوصی ہدایت تھی کہ کسٹم تخمینے پر کاروباری حضرات کی جانب سے کی جانے والی نظر ثانی اپیل سننے کا اختیار غیر جانبدار افسران کے سپرد کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پورٹس پر بڑھتی ہوئی کارگو اور اسکے جلد از جلد ترسیل کے لئے ایسی منظم منصوبہ بندی کی جائے تاکہ سامان جلد از جلد بندرگاہ سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو. . وزیر اعظم
وزیراعظم کی ہدایت نے ہدایت کی کہ کسٹم تخمینے پر نظر ثانی اپیل کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹم میں جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام کو شناخت کے بغیر (faceless) کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پر کام جاری ہے۔