ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے ایک اور ٹینڈر جاری
حکومت پنجاب کی طرف سے مختلف ڈویژن میں فراہم کردہ چینی کے اسٹاک کی تفصیلات بھی جاری۔
اسلام آباد:حکومت نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا ہے جبکہ پنجاب کے مختلف ڈویژن میں فراہم کردہ چینی کے اسٹاک کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے چینی درآمد کرنے کا ایک اور ٹینڈرز جاری کردیا ہے، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے جو 11 اگست کو کھولا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس سے پہلے بھی ٹی سی پی نے ٹینڈر جاری کیا تھا، جس میں 4 کمپنیوں نے اپنی بولی جمع کرائی تھی۔ بولی جمع کروانے والی کمپنیوں کے ریٹ زیادہ ہونے کے باعث وہ ٹینڈر منسوخ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ٹینڈر کے مطابق درآمدی چینی 227 روپے فی کلو میں پاکستان میں پہنچنا تھی۔
پنجاب کے مختلف ڈویژن میں فراہم کردہ چینی کے سٹاک کی تفصیلات جاری
دوسری جانب سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی ہدایت پر کین کمشنر پنجاب نے مختلف ڈویژن میں فراہم کردہ چینی اسٹاک کی تفصیلات جاری کردیں۔