گولڈن سٹی ہاوسنگ سکیم غیر قانونی قرار ہیڈ آفس سیل۔
کاروائی ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضی کے احکامات پر عمل میں لائی گئی،
راولپنڈی: راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے ) نے گولڈن سٹی ہاوسنگ سکیم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کا ہیڈ آفس سیل کر دیا،
ترجمان آر ڈی اے کے مطابق یہ کاروائی ڈی جی کنزہ مرتضی کے احکامات پر عمل میں لائی گئی،
آر ڈی اے نے دھمیال روڈ نالہ کے کنارے واقع پانچ پراپرٹیز، اور موضع جراحی اڈیالہ روڈ پر پانچ دکانیں بھی سر بمہر کر دیں ۔
ترجمان کے مطابق، گولڈن سٹی سکیم کا اسپانسر آر ڈی اے سے این او سی حاصل کیے بغیر سوشل میڈیا پر پلاٹوں کی غیر قانونی بکنگ اور اشتہارات میں ملوث تھا، جو کہ پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز و لینڈ سب ڈویژن رولز 2021 کی خلاف ورزی ہے۔
نوٹس کے باوجود اسپانسر نے آر ڈی اے کی ہدایات پر عمل نہیں کیا، جس کے نتیجے میں یہ کارروائی کی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا منصوبہ بندی کے ضوابط پر عملدرآمد آر ڈی اے کی اولین ترجیح ہے۔ ہم غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمز، ناجائز تعمیرات اور غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ایسی خلاف ورزیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہیں، جنہوں نے تجاوزات، غیر قانونی ترقی، اشتہارات اور تعمیرات کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت دے رکھی ہے۔
ڈی جی آر ڈی اے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے پہلے اس کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں اور غیر منظور شدہ منصوبوں سے اجتناب کریں۔