نئی دہلی۔پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر پاکستانی کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان اور اسٹار بلے باز بابراعظم کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھارت میں عارضی طور پر بلاک کر دیے گئے، جس کے فوراً بعد بابراعظم کے حوالے سے ایک جعلی انسٹاگرام اسٹوری بھی وائرل ہوئی۔
جعلی اسکرین شاٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ بابر نے پہلگام واقعے میں پاکستانی فوج کی مذمت کی ہے اور بھارت کو “دوسرا گھر” قرار دیا ہے۔ تاہم تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ پوسٹ جعلی تھی اور بابر اعظم نے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
یہ سوشل میڈیا مہم بھارتی میڈیا اور بعض آن لائن اکاؤنٹس کی جانب سے اس وقت شروع کی گئی جب بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے یوٹیوب چینلز اور انسٹاگرام پروفائلز پر رسائی محدود کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ ماضی میں بھی شاہد آفریدی، راشد لطیف، شعیب اختر اور دیگر سابق و موجودہ کھلاڑیوں کے آن لائن پلیٹ فارمز کو بھارت میں بلاک کیا جا چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسی کوششیں بھارتی سوشل میڈیا پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصد نہ صرف پاکستانی بیانیے کو دبانا ہے بلکہ کھلاڑیوں کو جھوٹے بیانات سے جوڑ کر عوامی تاثر کو بھی گمراہ کرنا ہے۔
دوسری جانب، بابر اعظم اور محمد رضوان کی جانب سے کسی قسم کی سیاسی پوسٹ یا پہلگام واقعے سے متعلق بیان سامنے نہیں آیا، جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ وائرل تصاویر اور بیانات کا مقصد صرف پروپیگنڈا پھیلانا تھا۔