لندن۔1990 کے ورلڈ کپ فاتح اور بیلون ڈی اور ایوارڈ یافتہ جرمن فٹبال لیجنڈ لوٹھر ماتھاؤس ایک بار پھر خبروں میں ہیں، اس بار ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 64 سالہ ماتھاؤس کو 26 سالہ ماڈل تھیریسا سومر کے ہمراہ آسٹریا کے ایک اسکی ریزورٹ میں دیکھا گیا، جہاں وہ ایک ساتھ وقت گزار رہے تھے۔
صحافیوں کی جانب سے جب اس تعلق کے بارے میں سوال کیا گیا تو سابق فٹبالر نے مختصر جواب دیتے ہوئے اسے “ذاتی معاملہ” قرار دیا اور تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔
لوٹھر ماتھاؤس، جنہوں نے 1990 میں جرمنی کو فیفا ورلڈ کپ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، اب تک پانچ شادیاں کر چکے ہیں اور ان کی آخری طلاق 2021 میں ہوئی تھی۔
تھیریسا سومر ایک معروف انسٹاگرام ماڈل ہیں اور انہوں نے کنگز کالج لندن سے معاشیات میں ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ ان کے تعلیمی پس منظر اور ماڈلنگ کی دنیا میں سرگرمی کے باعث وہ سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہیں۔
دوسری جانب، اس جوڑی کے درمیان نمایاں عمر کے فرق کو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنایا جا رہا ہے، جہاں بعض حلقے اس تعلق پر تنقید کر رہے ہیں جبکہ دیگر صارفین اسے دو بالغ افراد کا ذاتی انتخاب قرار دے کر غیر ضروری مداخلت سے گریز کا مشورہ دے رہے ہیں۔