نئی دہلی ۔انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ایک اور ناخوشگوار واقعہ سامنے آیا ہے جہاں کرکٹ کو “جینٹل مین گیم” سمجھنے کے بجائے بعض کھلاڑیوں نے اسے جذباتی تصادم کا میدان بنا دیا ہے۔ احمد آباد میں کھیلے گئے میچ کے دوران گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبمن گل نے سن رائزرز حیدرآباد کے بیٹر ابھیشیک شرما کو دورانِ میچ لات مار دی، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردِ عمل دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ واقعہ میچ کے 14ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب گجرات کی ٹیم نے ایل بی ڈبلیو کے لیے ڈی آر ایس لیا اور اس دوران ابھیشیک فزیو تھراپی لے رہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق، گل نے سمجھا کہ یہ تاخیر جان بوجھ کر کی جا رہی ہے، جس پر انہوں نے لات مار کر شدید ناپسندیدہ ردِ عمل ظاہر کیا۔

اس سے قبل بھی آئی پی ایل میں ایسے واقعات منظر عام پر آ چکے ہیں، جہاں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کرکٹر کلدیپ یادیو نے اپنے ساتھی کھلاڑی رنکو سنگھ کو میچ کے اختتام پر تھپڑ مارا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور یادیو کو تنقید کا نشانہ بننا پڑا۔

مسلسل ایسے واقعات نے نہ صرف بھارتی کھلاڑیوں کے رویے بلکہ آئی پی ایل کی کھیل کے میدان میں سنجیدگی پر بھی سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔ شائقینِ کرکٹ اور ماہرین کھیل کا کہنا ہے کہ ایسی حرکات کھیل کی روح کے منافی ہیں اور ان پر فوری طور پر ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔

شبمن گل کے حالیہ واقعے پر فینز نے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اس رویے کا نوٹس لے اور مناسب تادیبی کارروائی عمل میں لائے۔