چائلڈ کینسر سے آگاہی کے دن کی مناسبت سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک خاص اعلان کیا ہے جس کا مقصد عوامی شرکت کے ذریعے اس اہم مسئلے کی جانب توجہ مبذول کرانا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، 3 مئی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے سلسلے میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ کے موقع پر ایک بامقصد مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
اس روز زرد (یلو) لباس پہن کر میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آنے والی ہر فیملی کو خصوصی اعزازی ٹکٹس (کمپلیمنٹری پاسز) دیے جائیں گے، تاکہ وہ بلا معاوضہ یہ میچ دیکھ سکیں۔
یہ خصوصی پاسز لاہور کی لبرٹی مارکیٹ میں واقع پبلک پارکنگ ایریا کے ساتھ موجود ٹی سی ایس باکس آفس سے حاصل کیے جا سکتے ہیں، جو سہ پہر 3 بجے کھلے گا۔
یہ آفر محدود نشستوں کے لیے ہے اور “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کی بنیاد پر دستیاب ہوگی۔ یہ پاسز صرف دو مخصوص انکلوژرز کے لیے مؤثر ہوں گے۔