ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے نویں مقابلے میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے شکست دے کر ایک شاندار فتح اپنے نام کی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ترتیب دیا۔ جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں محض 107 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

سلطانز کے بیٹرز میں عثمان خان نے سب سے زیادہ 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شائی ہوپ نے 20، کپتان محمد رضوان نے 15 اور ڈیوڈ ولی نے 13 رنز اسکور کیے۔ دیگر بیٹرز میں کامران غلام 6، مائیکل بریسویل 3، افتخار احمد 2، اسامہ میر 1 اور ایشٹن ٹرنر و عاکف جاوید بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ عبید شاہ 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

زلمی کے گیند بازوں میں علی رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، عارف یعقوب نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل اوون کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں جبکہ صائم ایوب نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلی اننگز میں زلمی کے بلے بازوں نے دلکش اور جارحانہ کھیل پیش کیا۔ ٹام کوہلر-کیڈمور نے 52، محمد حارث نے 45، حسین طلعت نے 37، عبدالصمد نے 40 اور مچل اوون نے 34 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 227 تک پہنچایا۔ الزاری جوزف 5 اور لیوک ووڈ بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ولی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے 2،2 جبکہ افتخار احمد نے 1 وکٹ حاصل کی۔