The news is by your side.

وزیر داخلہ کی وزیراعلیٰ کے پی سے ملاقات، قیام امن کیلیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

0

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات ہوئی، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں امن کے قیام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں علی امین گنڈاپور نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیرمقدم کیا۔ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو امن کے قیام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور کرم میں امن کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت ضروری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہداء ہماری قومی عزت ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اور ہم مل کر دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.