اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گذشتہ روز پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا جس میں پی ٹی آئی پنجاب کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے گھروں، ڈیروں پر چھاپوں کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی ،
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق تحریک انصاف کی جابب سے مطالبہ کیا گیا کہ اس کے ایم این ایز اور ایم پی ایز پر دباو ڈالنا بند کیا جائے،
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اراکین پر دباو اور چھاپوں کا سلسلہ جاری رہنے پر ایوان میں بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ،
پارلیمانی پارٹی کی جانب سے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر فوری جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ دونوں واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن ناگزیر ہے،
پارلیمانی پارٹی نےبانی تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی اسیران کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا،
پارلیمانی پارٹی کی جانب سے 26 نومبر کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا ،پارلیمانی پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف اور قیادت اپنے شہدا کے ساتھ کھڑی ہے،
اجلاس میں کہا گیا کہ بانی تحریک انصاف نے مثبت سوچ کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی، بانی تحریک انصاف چاہتے ہیں کہ ملک آگے چلے اور ترقی کرے،
حکومت نے ملک کو جن مسائل سے دوچار کیا ان کا حل ملکی ترقی کے لیے مذاکرات سے ہی مسائل کا حل نکلے گا، اعلامیے میں کہا گیا کہ سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، ملک میں سیاسی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہیں،