بارسلونا۔بارسلونا میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام ایک "پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد” کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں نے افواج پاکستان کے ساتھ اپنی وفاداری کے عہد کی تجدید کرتے ہوئے سول نافرمانی کی تحریک کو مکمل طور پر مسترد کیا۔ اس موقع پر "سول نافرمانی تحریک نامنظور” کے نعروں کی گونج سنائی دی۔
کانفرنس کی صدارت ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے صدر کامران خان نے کی، جبکہ بڑی تعداد میں محب وطن پاکستانیوں نے اس تقریب میں شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا، جس کے احترام میں تمام شرکا کھڑے ہوئے۔
شرکا نے پاکستان اور افواج پاکستان سے اپنی غیر متزلزل وفاداری کا عہد کیا اور "جنرل سید عاصم منیر زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس تقریب میں شریک پاکستانیوں نے اپنی وطن سے محبت اور افواج پاکستان کی حمایت کا واضح اظہار کیا۔
ڈاکٹر پرویز اقبال لوسر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ "پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد” کانفرنسز کا سلسلہ مارچ تک پورے یورپ میں جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسپین میں مقیم پاکستانی ہمیشہ پاکستان مخالف سازشوں اور بیانیوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں۔
دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پاکستانی عوام کی ریڈ لائن ہے اور اس کے خلاف کسی بھی قسم کا پروپیگنڈا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاک فوج اس کی حفاظت کی ضامن ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ، اور پاک فوج کا احترام ہر شہری پر واجب ہے اور موجودہ حالات میں قوم کو اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔