راولپنڈی ۔مسلم لیگ (ن) کے سینئر رکن اور سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ، صدیق الفاروق کا انتقال ہو گیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کے سابق پریس سیکریٹری اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن و متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق سربراہ صدیق الفاروق گردوں کے مرض میں مبتلا تھے۔

صدیق الفاروق ایک طویل عرصے تک شعبہ صحافت سے منسلک رہے اور معروف صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی نماز جنازہ کے بارے میں تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی، اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ صدیق الفاروق کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے انتقال سے پارٹی نے ایک مخلص اور تجربہ کار رہنما کو کھو دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔