وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنا کامیاب دورۂ چین مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئیں۔ ایئرپورٹ پر چین کی ڈائریکٹر فارن افیئرز مس ہیلن اور دیگر اعلیٰ حکام نے انہیں پرتپاک انداز میں رخصت کیا۔
مریم نواز نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سرکاری دعوت پر چین کا آٹھ روزہ دورہ کیا۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، اور وزیر زراعت عاشق کرمانی بھی شامل تھے۔
بیجنگ میں مریم نواز نے روبوٹک زرعی آلات بنانے والے ادارے اے آئی فورس ٹیک، بلیو ٹیک ائیر الائنس، ہائی جیا میڈیکل، شی جی تان اسپتال، اور بیجنگ میونسپل کمیشن آف ٹرانسپورٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے وزیر سے ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے چین کے وزیر ماحولیات سے ملاقات کی اور ماحولیاتی آلودگی پر منعقدہ کانفرنس میں کلیدی خطاب کیا۔ شنگھائی میں انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے میوزیم، جنکو سولر کمپنی، ایکسپریمنٹل اسکول، ہواوے ٹیکنالوجیز، بی جی آئی جینومکس، اور منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون کے دورے کیے۔
دورے کے دوران مریم نواز نے چینی حکمران جماعت کے اعلیٰ سطحی وفود سے ملاقاتیں کیں اور پنجاب-چین سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس کانفرنس کے نتیجے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ، زراعت، صحت، اور دیگر شعبوں میں چینی کمپنیوں کے ساتھ متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے، جن سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔