نئی دہلی ۔مشہور تامل فلم پشپا کے اداکار الو ارجن کو حیدرآباد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاری پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ہونے والی ایک ہلاکت کے معاملے میں عمل میں آئی۔
4 دسمبر کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 39 سالہ خاتون کی ہلاکت اور ان کے بیٹے کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس نے تھیٹر انتظامیہ، اداکار الو ارجن اور ان کی سیکیورٹی ٹیم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، اور اب اداکار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں فلم کے پریمیئر میں اداکار اور ان کی ٹیم کی موجودگی کے بارے میں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ حیدرآباد پولیس کے ڈپٹی کمشنر، سینٹرل زون، اکشنش یادو نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ خاندان کی شکایت پر بی این ایس سیکشن 105 اور 118 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ گرفتاری کے بعد، الو ارجن کو آج مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔