سینچورین۔جنوبی افریقا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ریزا ہنڈرکس کی شاندار سینچری کی بدولت 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔

سینچورین میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے 207 رنز کا بڑا ہدف 20 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ریزا ہنڈرکس نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 10 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 117 رنز کی اننگز کھیلی۔ وین ڈر ڈوسین نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 157 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

میچ کے اختتام پر ریزا ہنڈرکس 66 رنز اور کپتان اینرک کلاسن 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے جہانداد خان نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز اسکور کیے۔ نوجوان بلے باز صائم ایوب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں بابر اعظم نے 31، عرفان خان نے 30، اور محمد رضوان نے 11 رنز بنائے۔

پروٹیز کی جانب سے ڈیبیوٹنٹ ڈایان گیلیم اور اوٹنیل بارٹمین نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جارج لنڈا نے 1 وکٹ حاصل کی۔

ریزا ہنڈرکس کی یادگار اننگز اور جنوبی افریقا کی اجتماعی کارکردگی نے پاکستان کو سیریز میں شکست سے دوچار کیا۔