بیجنگ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کا حالیہ دورۂ چین انتہائی اہمیت کا حامل رہا، جس دوران انہیں مختلف امور کو گہرائی سے جاننے، سمجھنے اور مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے مثبت نتائج پنجاب کے عوام تک ضرور پہنچیں گے۔
مریم نواز نے اپنے آٹھ روزہ سرکاری دورہ چین کے دوران گوانگ ژو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس گورنر زینگ گوزی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے اعزاز میں خصوصی اسٹیٹ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ مریم نواز نے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وفد کے شاندار استقبال اور عزت افزائی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اخلاص اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ چین نے ہر اہم مرحلے پر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی گہرے تعلقات قائم ہیں۔
مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے اس دورے کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور مشاہدات پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کارآمد ثابت ہوں گے۔
وائس گورنر گوانگ ژو نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد کو خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی عوامی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔