لاہور۔آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لیے اسٹار اسپورٹس انڈیا کی جانب سے جاری کردہ پرومو کو تنقید کا سامنا ہے۔ پرومو میں میزبان ملک کا نام ذکر نہ کرنے کے ساتھ ساتھ تصویری اور ویڈیو جھلکیوں میں 2024 کے ٹی20 ورلڈکپ کے کلپس شامل کیے گئے ہیں، جو ناپسندیدہ قرار پائے۔
اس پرومو میں 2017 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے فائنل کی کوئی جھلک بھی نہیں دکھائی گئی، جہاں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اس بات نے پاکستانی کرکٹ شائقین کو مزید مایوس کیا، جنہوں نے اس بات پر سخت تنقید کی کہ چیمپئینز ٹرافی 2017 کے فاتح پاکستان کی تصاویر یا ویڈیوز تک شامل نہیں کی گئیں۔
اس کے علاوہ، صارفین نے اسٹار اسپورٹس کو شدید الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مشورہ دیا کہ وہ ایونٹ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرے۔
اس پرومو کے جاری ہونے کے بعد، پی سی بی کے ٹاپ آفیشلز دبئی پہنچ گئے ہیں اور آئی سی سی کے ساتھ چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے مذاکرات میں مصروف ہیں، جہاں ذرائع کے مطابق بیشتر معاملات پر اتفاق ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ 2017 میں چیمپئینز ٹرافی کا آخری ایڈیشن کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے بھارت کو فائنل میں 180 رنز سے شکست دے کر ٹرافی جیتی تھی۔