اسلام آباد۔پاکستان میں تیل اور گیس کے شعبے میں کام کرنے والی ہنگری کی ایکسپلوریشن کمپنی ایم او ایل کی طرف سے پاکستان میں اپنے کامیاب آپریشن کے 25سال کی تکمیل پر تقریب کا انعقاد۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال خان، تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تیل اور گیس کے شعبے میں کام کرنے والی ہنگری کی ایکسپلوریشن کمپنی ایم او ایل کی طرف سے پاکستان میں اپنے کامیاب آپریشن کے 25سال کی تکمیل پر تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں اعلیٰ نجی سرکاری حکام کے علاوہ ملک میں تیل ،گیس کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال خان، تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
اس دوران شرکاءکی طرف سے پاکستان میں تیل اور گیس کے کامیاب آپریشن اور کمپنی کی سماجی خدمات کو سراہا گیا۔تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے ایم او ایل پاکستان کی جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال اسکے معیار کی بھرپور تعریف کی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پاکستان میں تیل اور گی کی تلاش کے لئے ایم او ایل کی کارکردگی قابل ستائش ہے اور کمپنی تیل اور گیس کی تلاش کے لئے عالمی تقاضوں کے ہم اہنگ جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے،جس میں ایم او ایل پاکستان کا کردار نمایاں ہے۔دوران تقریب ایم او ایل گروپ کے ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ، ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن زومبور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 25 سال کا سفر ایم او ایل پاکستان کی استقامت اور حکومت و مقامی کمیونٹیز کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں TAL بلاک میں تیل و گیس کی نئی دریافتوں کی بدولت کمپنی نے توانائی کی پیداوار میں اہم اضافہ کیا ہے۔
زومبور مارٹن نے اس موقع پر یہ اعادہ کیا کہ ایم او ایل پاکستان میں توانائی کی ضروریات کو مد نطررکھتے ہوئے اپنا کردار جاررکھے گا۔ دوران تقریب خیبر پختونخوا کے گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ کے پی کے میں تیل و گیس کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ان کا کہنا تھا کہ بیرون سرمایہ کار کے پی کے میں تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ان کا کہنا تھا حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کرنے والی ایم او ایل جیسی دوسری کمپنیوں کو مکمل تعاون فراہم کرے۔
دوران تقریب سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم سید نوید قمر نے ایم او ایل پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اہم کردار کو سراہا انہوں نے کہا کہ ایم او ایل پاکستان کی TAL بلاک میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیاں ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم ثابت ہوئیں یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایم او ایل پاکستان، جو کہ ایم او ایل گروپ کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے، اس وقت گروپ کی عالمی ہائیڈروکاربن پیداوار کا 7 فیصد فراہم کرتا ہے۔
ایم او ایل پاکستان نے 1999 میں TAL بلاک کے لیے تلاش کے لائسنس کے ساتھ پاکستان میں آپریشنز کا آغاز کیا تھا کمپنی نے اب تک 44 کنویں کھودے ہیں، جن میں سے 33 کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔ ایم او ایل پاکستان اس بلاک سے روزانہ 65 ہزار بیرل تیل کے مساوی پیداوار حاصل کر رہا ہے، جس میں اس کا حصہ 8.4 فیصد ہے۔ کمپنی مارگلہ بلاک میں بھی اپنے پارٹنرز پی او ایل اور ماری پیٹرولیم کے ساتھ تلاش کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔اب تک ایم او ایل پاکستان نے 400 ملین بیرل تیل کے مساوی ہائیڈروکاربن پیدا کیے ہیں۔
ایم او ایل پاکستان پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا تیل اور ایل پی جی پیدا کرنے والا اورپانچواں سب سے بڑا قدرتی گیس پیدا کرنے والا ادارہ ہے۔ کمپنی پاکستان کی قدرتی گیس کی 8 فیصد، کنڈنسٹ کا 26 فیصد اور ایل پی جی کی 23 فیصد پیداوار میں حصہ ڈال رہی ہے۔تقریب کا اختتام معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کی پرفارمنس سے ہوا، جس نے جشن کی تقریب کوثقافتی رنگ سے بھر دیا۔