لاس اینجلس۔امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنی مشہور ایرس ٹور کے دوران عملے کو 197 ملین ڈالر کے بونس دے کر سخاوت کی ایک شاندار مثال قائم کی، جس کی دنیا بھر میں خوب پذیرائی ہو رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، یہ خطیر رقم ٹور کے ٹرک ڈرائیورز، کیٹررز، انسٹرومنٹ ٹیکنیشنز، لائٹنگ اور ساؤنڈ ٹیم، پروڈکشن عملہ، سیکیورٹی اسٹاف، ڈانسرز، کوریوگرافرز، اور ہئیر و میک اپ ٹیم سمیت دیگر عملے میں تقسیم کی گئی۔

ایرس ٹور کے حیران کن اعداد و شمار کے مطابق، اس کنسرٹ میں 10,168,008 شائقین نے شرکت کی، اور اس کے ذریعے 2.07 بلین ڈالر کے ٹکٹس فروخت ہوئے، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

دی نیویارک ٹائمز کے مطابق، یہ دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی میوزک ٹور بن گئی ہے، جس نے کسی بھی پچھلے کنسرٹ ٹور کی آمدنی کو دوگنا کر کے نیا سنگِ میل عبور کیا۔

ٹیلر سوئفٹ نے وینکوور کے بی سی پلیس اسٹیڈیم میں اپنے آخری شو کے دوران مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے دنیا کا سفر کیا، اور یہ میرے کیریئر کا سب سے زیادہ دلچسپ، چیلنجنگ، اور شاندار تجربہ تھا۔‘‘