The news is by your side.

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا دبئی کی کھیلوں کی سفیر مقرر

0

بھارت کی سابق ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کو دبئی اسپورٹس کونسل نے کھیلوں کی سفیر منتخب کر لیا ہے۔

دبئی کے میوزیم آف دی فیوچر میں دبئی اسپورٹس ریٹریٹ کے دوران ہونے والی ایک تقریب میں یہ اعلان کیا گیا کہ ثانیہ مرزا کو کھیلوں کی سفیر مقرر کیا جائے گا۔

ویمنز ڈبلز کے عالمی نمبر ایک اور 6 بار کی گرینڈ سلیم چمپیئن ثانیہ مرزا نے اس اعلان کی اطلاع اپنے انسٹاگرام پیج پر دی اور نئے عہدے پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دبئی کے کھیلوں کی سفیر بننا میرے لیے ایک اعزاز اور خوشی کی بات ہے، اور میں دبئی اسپورٹس کونسل کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ شاندار موقع فراہم کیا۔

ثانیہ مرزا کی تقرری دبئی کے کھیلوں کے فروغ اور ایک فعال اور صحت مند طرز زندگی کے وژن کا حصہ ہے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں یو ایف سی چمپیئن خبیب نورماگودوف اور بھارت کے معروف کرکٹر ہربھجن سنگھ سمیت دیگر مشہور کھلاڑی بھی موجود تھے، جنہیں دبئی کے کھیلوں کے سفیر کے طور پر نامزد کیا گیا۔

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اپنے ایک بیان میں اس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں جن منصوبوں اور اقدامات پر بات کی گئی ہے، وہ کھیلوں کے مستقبل کو مزید روشن کریں گے، ہمارے کلبوں کی کامیابیوں میں اضافہ کریں گے، اور مقامی ٹیلنٹ کی تربیت میں مدد فراہم کریں گے۔

دبئی اسپورٹس کونسل کا قیام 2005 میں ہوا تھا، اور اس کا مقصد دبئی کو کھیلوں کے حوالے سے عالمی سطح پر ایک نمایاں مقام دلانا ہے۔ کونسل کی کوشش ہے کہ مقامی کھیلوں کے کلبوں کی نگرانی کی جائے اور مختلف برادریوں میں جسمانی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔

کونسل کا مقصد بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کو کھیلوں کا سفیر مقرر کر کے نوجوانوں کو متاثر کرنا اور دبئی کو عالمی سطح پر کھیلوں کا مرکز بنانا ہے۔

 

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.