اسلام آباد ۔پی آئی اے کے 60 فیصد حصص کی نجکاری کیلئے حکومت کو بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم کی طرف سے بولی موصول ہوگئی، کابینہ کی نجکاری کمیٹی سے ریزرو پرائس کی منظوری لینے کے بعد آج ہی کھولا جائے گا۔

بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم کی طرف سے بولی چیئرمین بلیو ورلڈ سٹی سعد نذیر، سی ای او بلیو ورلڈ ایوی ایشن میثم رضا، سی ای او بلیو ہلز چوہدری نعیم اعجاز، سی ای او بلیو ورلڈ سٹی چوہدری ندیم اعجاز اور نمائندہ بلیو ورلڈ کنسورشیم ولی محمد کی طرف سے جمع کروائی گئی۔

نجکاری کمیشن کی طرف سے نجکاری کمیشن بورڈ سے ریزور پرائس کی منظوری لی جائے گی جس کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی سے ریزور پرائس کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ شام ساڑھے چھ بجے میڈیا کے سامنے بولی کو کھولا جائے گا اور ریزور پرائس سے زیادہ ہونے پر کامیاب قرار دے دیا جائے گا اور وفاقی کابینہ سے نجکاری کی منظوری حاصل کی جائے گی۔