یونیورسٹی آف واہ کا گیارہویں سالانہ کانووکیشن ، طلباء و طالبات میں طلائی تمغے اور انعامات تقسیم
مہمان خصوصی نے کانووکیشن میں طلباءوطالبات کو ان کی تعلیمی کامیابیوں پر مبارکباد دی اورطلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ علمی صلاحیتیں معاشرے کی بہتری کے لئے برؤئے کار لاءیں۔
واہ کینٹ(یو این آئی) یونیورسٹی آف واہ میں گیارہویں سالانہ کانووکیشن میں مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں طلائی تمغے اور انعامات تقسیم کئے گئے
، مختلف شعبوں میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔ محمد بلیغ الرحمٰن، گورنر پنجاب، چانسلر یونیورسٹی آف واہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
مہمان خصوصی نے کانووکیشن میں طلباءوطالبات کو ان کی تعلیمی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔
انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ علمی صلاحیتیں معاشرے کی بہتری کے لئے برؤئے کار لائیں۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں بہتری، جدت اور معاشرے کی بہتری کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ اور اساتذہ کرام کی کوششوں کی تعریف کی۔
تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے چھتیس طلباء و طالبات کو طلائی تمغوں، امتیازی انعامات اور بہترین طالبِ علم کے انعام سے نوازا گیا۔ مجموعی طور پر گیارہ سو اٹھاون انڈر گریجویٹس اور گریجویٹس طلباوطالبات کو بنیادی سائنس، کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، منیجمنٹ سائنسز، سماجی سائنسز کے شعبوں میں سندوں سے نوازا گیا۔
کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر جمیل النبی، وائس چانسلر جامعہ نے مہمان خصوصی کا شکریہ
ادا کیا۔
انہوں نے حاضرین کو جامعہ کی کامیابیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی مسلسل اکیڈمک ایکسلنس ایوارڈ حاصل کر رہی ہے ۔
یونیورسٹی کو ریسرچ گرانٹس مہیا کی جارہی ہیں، یونیورسٹی کئی نئے تعلیمی پروگرام کا اجراء کررہی ہے اور تحقیق کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔
تقریب میں اسناد حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کے والدین اور سماجی نمائندوں نے شرکت کی ۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی اور وائس چانسلر نے کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات اور انکے والدین کو تعلیم کے میدان میں اپنی زندگیوں کے ایک اور سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارکباد دی۔