بلوچستان کے علاقے دکی میں کوئلہ کانوں پر حملہ، 20 کان کن جاں بحق
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، اس حملے کے نتیجے میں 20 مزدور جان کی بازی ہار گئے
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے دکی میں ایک مقامی کوئلہ کمپنی کی کانوں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 20 کان کن جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
دکی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق، اس حملے کے نتیجے میں 20 مزدور جان کی بازی ہار گئے، اور متعدد زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے 10 کوئلہ کانوں کے انجن کو بھی آگ لگا کر تباہ کر دیا۔
ڈسٹرکٹ چیئرمین دکی، حاجی خیر اللہ ناصر نے بتایا کہ حملہ آوروں نے میرے کوئلہ کانوں پر حملہ کیا، جس میں ہینڈ گرینیڈ اور راکٹ لانچر سمیت دیگر بڑے ہتھیار استعمال کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور ایف سی کو دو گھنٹے پہلے اطلاع دی گئی تھی، لیکن ابھی تک کوئی مدد نہیں پہنچی۔ ہم اپنی مدد آپ کے تحت موقع پر لاشیں اٹھا رہے ہیں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ کوئلے کی کانوں پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، اور متعدد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
ایس ایچ او دکی، ہمایوں خان ناصر نے بیان دیا کہ مسلح افراد نے مزدوروں کو گروپ کی صورت میں جمع کر کے فائرنگ کی، اور حملہ آوروں نے کانوں کی مشینری کو بھی نذر آتش کیا۔