لاہور۔پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور فنکار جوڑی، اداکار آریز احمد اور اداکارہ حبا بخاری، نے متوقع بچے کی پیدائش سے متعلق خبروں پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اپنے یوٹیوب چینل پر وی لاگ میں ردعمل دیتے ہوئے اس فنکار جوڑی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اگر ہم یقین کریں تو ہمارے 6 یا 7 بچے پہلے ہی موجود ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر چند ویوز اور لائکس حاصل کرنے کے لیے ایسی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، جو کہ ایک سستا طریقہ ہے۔فنکار جوڑی نے اپنے ردعمل میں بتایا کہ سوشل میڈیا پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے والوں کو اس بات کا احساس نہیں ہوتا کہ اس سے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ پر کیا گزرتی ہے۔حبا بخاری نے کہا کہ انہوں نے کئی بار ایسی گردشی خبروں کی تردید کی ہے، مگر کچھ لوگ باز نہیں آتے۔انہوں نے مزید کہا کہ افواہیں پھیلانے والوں کو اخلاقیات کا خیال رکھنا چاہیے، کیونکہ ایسی خبروں کی وجہ سے لوگ متاثر ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستانی اداکارہ نادیہ خان نے آریز احمد اور حبا بخاری کو آن ایئر متوقع بچے کی پیدائش کی مبارک باد دی تھی۔ بعد ازاں، نادیہ خان نے کہا کہ آریز احمد نے خود انہیں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اہلیہ کے امید سے ہونے کی اطلاع دی تھی، مگر انہیں معلوم نہیں تھا کہ فنکار جوڑی اس خبر کو خفیہ رکھنا چاہتی ہے۔