اسلام آباد۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خصوصی ہدایت پر مشعال یوسفزئی کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر اس ضمن میں سمری گورنر ہاﺅس کو بھجوا دی گئی ہے ۔خیبرپختونخوا کے ایک سینئر کابینہ رکن نے اس کی تصدیق کی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی ہوں گی۔باخبر ذرائع کے مطابق مشعال یوسفزئی کی صوبائی کابینہ میں واپسی کا فیصلہ اسلام آباد کا ہے اور عمران خان کی ہدایت پر ہی وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مشعال یوسفزئی کو معاون خصوصی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مشعال یوسفزئی کا براہ راست رابطہ عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی سے ہے۔مشعال یوسفزئی جیل میں بشری بی بی سے ملاقات کرتی ہیں اور ان کے وکلاءکے پینل میں بھی شامل ہیں۔ پارٹی میں سب کو معلوم ہے کہ مشعال یوسفزئی کی پارٹی کے لیے کیا خدمات ہیں اور ان پر کس کا ہاتھ ہے، اور اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ بشری بی بی کی حمایت سے انہیں دوبارہ کابینہ میں شامل کرنا کوئی مشکل بات نہیں۔