لاہور۔عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اکثر سوشل میڈیا پر اپنی منفرد تصاویر اور ویڈیوز کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔ حال ہی میں، اداکارہ نے اپنے بیٹے کی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر ایک خوبصورت اور یادگار تصویر شیئر کی۔

اس تصویر میں ماہرہ خان اپنے اکلوتے بیٹے اذلان کے ساتھ اسپتال کے کمرے میں نظر آ رہی ہیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا، “24 برس کی عمر میں اپنی پوری دنیا کو دیکھتے ہوئے، جس کی نظریں مجھ پر ٹکی ہیں۔ صرف میرا ایک اذلان۔”

ماہرہ خان نے دعا کرتے ہوئے لکھا، “اللہ میرے اذلان اور تمام بچوں کو سلامت رکھے، انہیں خوش و خرم، صحت مند اور لمبی زندگی عطا فرمائے۔ میرے بیٹے سمیت تمام بچے صحیح راستے کا انتخاب کریں اور ہمیشہ شر سے محفوظ رہیں۔ آمین۔”

انہوں نے اپنی امی کے الفاظ کو دہراتے ہوئے لکھا، “جیسا کہ میری امی کہتی ہیں، ساری ماؤں کے دل ٹھنڈے رکھ یا رب، آمین، انشاء اللہ۔”

یاد رہے کہ ماہرہ خان اور ان کے سابق شوہر علی عسکری نے 2007 میں شادی کی تھی اور 2010 میں ان کے بیٹے اذلان خان کی پیدائش ہوئی۔ دونوں نے 2015 میں علیحدگی اختیار کی، اور گزشتہ برس ماہرہ خان نے کاروباری شخص سلیم کریم سے دوسری شادی کی، جو سوشل میڈیا پر خوب چرچا ہوا تھا۔