فیض حمید تمہارا جنرل تھا،اپنے جرنیل ٹھیک کرو،اپنے آپ کو ٹھیک کرو۔علی امین کی للکار
اسلام آباد۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنرل فیض حمید ہمیں جہیز میں ملا تھا، وراثت میں ملا تھا، اسے ہم نے جنرل بنایا۔ تمہارا بابا تھا، تمہارا جنرل تھا، اپنا ادارہ ٹھیک کرو، اپنے جرنیل ٹھیک کرو، اپنے آپ کو ٹھیک کرو، غلط کرے ہمارے کھاتے میں صحیح کرے تمہارے کھاتے میں، اپنی اصلاح کرو۔
علی امین گنڈا پور نے مخاطب ہوتے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر صاحب منہ زبانی کہنے سے کچھ نہیں ہوگا کہ آپ کا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں ہے،سیاست تو کر ہی آپ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے عمران خان کی رہائی کیلئے2ہفتوں کی ڈیڈ لائن دیدی، سنگجانی میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ 2ہفتے میں عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو خود رہاکریں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ این آر او دینے والے ہار چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر جیت چکا ہے،این آر او دینے کا 25 کروڑ عوام کو کیا فائدہ ہوا؟ آئین کی پاسداری نہ کی گئی، قانون کو توڑا گیا، جابر حکمران کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے، ہم یہ جہاد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پختونخوا کے عوام نے اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا، میں پوری قوم کو خیبرپختونخوا آنے کی دعوت دیتا ہوں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ قوم اور مسلمانوں کی بات کی، بانی پی ٹی آئی نے دنیا میں ثابت کیا کہ اسلام امن پسند مذہب ہے، موجودہ حکومت امریکا اور قادیانیوں کی غلام ہے، بانی پی ٹی آئی حق کی بات کرتے ہیں، حق کی آواز نہ اٹھانے والا مسلمان نہیں، جابر حکمرانوں کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے، ظلم بند نہ ہوا تو ہم جانی جہاد کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ این آراو دینے والے بھی کرپشن کا حصہ ہیں، این آر او دینے والے ہار گئے، وہ جیل میں بیٹھ کر جیت گیا، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بھی عزت مل رہی ہے، این آر او سے 25 کروڑ عوام کو کیا فائدہ ہوا؟انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ظلم ہورہا ہے اور ہم قراردادیں منظور کر رہے ہیں، آج کل ملک میں پیسے کی صحافت ہورہی ہے، لفافہ صحافی حکمرانوں سے سوال نہیں کرتے۔ یہ صحافی نہیں یہاں مینوں ووٹ وکھا میرا موڈ بنے کا معاملہ ہے، یہ میڈیا والے نوٹ لے کر ضمیر بیچتے ہیں، یہ بکاؤ میڈیا صحافت نہیں دلالی کر رہا ہے۔علی امین گنڈا پور نے ریاستی اداروں پر سخت تنقید بھی کی اور کہا کہ کوئی بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل نہیں کر سکتا۔انہوں نے پی ٹی آئی کا آئندہ جلسہ لاہور میں کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم مینار پاکستان میں جلسہ کریں گے، مریم نواز ہم سے پنگا نہ لینا، پنگا لیا تو وہ حال کریں گے کہ بنگلہ دیش بھی بھول جائیں گے، اب قوم دما دم مست قلندر کیلئے تیار ہو جائے۔