اسلام آباد۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ پختونخوا کے عوام نے اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا، میں پوری قوم کو خیبرپختونخوا آنے کی دعوت دیتا ہوں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ قوم اور مسلمانوں کی بات کی، بانی پی ٹی آئی نے دنیا میں ثابت کیا کہ اسلام امن پسند مذہب ہے، موجودہ حکومت امریکا اور قادیانیوں کی غلام ہے، بانی پی ٹی آئی حق کی بات کرتے ہیں، حق کی آواز نہ اٹھانے والا مسلمان نہیں، جابر حکمرانوں کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے، ظلم بند نہ ہوا تو ہم جانی جہاد کریں گے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ این آراو دینے والے بھی کرپشن کا حصہ ہیں، این آر او دینے والے ہار گئے، وہ جیل میں بیٹھ کر جیت گیا، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بھی عزت مل رہی ہے، این آر او سے 25 کروڑ عوام کو کیا فائدہ ہوا؟انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ظلم ہورہا ہے اور ہم قراردادیں منظور کر رہے ہیں، آج کل ملک میں پیسے کی صحافت ہورہی ہے، لفافہ صحافی حکمرانوں سے سوال نہیں کرتے۔ یہ صحافی نہیں یہاں مینوں ووٹ وکھا میرا موڈ بنے کا معاملہ ہے، یہ میڈیا والے نوٹ لے کر ضمیر بیچتے ہیں، یہ بکاؤ میڈیا صحافت نہیں دلالی کر رہا ہے۔علی امین گنڈا پور نے ریاستی اداروں پر سخت تنقید بھی کی اور کہا کہ کوئی بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل نہیں کر سکتا۔انہوں نے پی ٹی آئی کا آئندہ جلسہ لاہور میں کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم مینار پاکستان میں جلسہ کریں گے، مریم نواز ہم سے پنگا نہ لینا، پنگا لیا تو وہ حال کریں گے کہ بنگلہ دیش بھی بھول جائیں گے، اب قوم دما دم مست قلندر کیلئے تیار ہو جائے۔