اسلام آباد(یو این آئی )وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم، تعلیم اور تعلیم ہے ۔
وفاقی وزیر تعلیم نے ہفتہ کو بطور مہمان خصوصی نیشنل ریڈنگ کانفرنس، بک فیئر اور پاکستان لرننگ فیسٹیول، اسلام آباد کا افتتاح کیا۔وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے ادارہ تعلیم اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے اشتراک سے “آج کے قارئین، کل کے سیکھنے والے” کے موضوع پر تین روزہ ‘پاکستان لرننگ فیسٹیول’ کا بھی افتتاح کیا۔
تین روزہ فیسٹیول میں وفاقی وزیر مدد علی سندھی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نےافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بطور ملک اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں میں پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے کام کریں۔۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے تین سلسلے ہیں، سرکاری، نجی اور مدارس جو ملک میں تین مختلف طبقات پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیح تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور اسکول سے باہر بچوں کی تعداد کو کم کرنا ہے۔